سیاسیات- اسرائیلی حکام نے ایک اسرائیلی فوجی کو گرفتار کر کے اس پر کرپٹو کرنسی کے عوض ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں فرد جرم عائد کردی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس فوجی کو ستمبر میں داخلی سلامتی کی ایجنسی شن بیت ، اسرائیل پولیس اور ملٹری پولیس کی مشترکہ تحقیقات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا اور اس پر ’سنگین سکیورٹی جرائم کے ارتکاب، بشمول ایرانی انٹیلی جنس ایجنٹوں کے ساتھ روابط رکھنے اور ان کی ہدایات پر کام کرنے‘ کا شبہ تھا۔
ملٹری پراسیکیوٹرز نے اس فوجی کے خلاف باضابطہ طور پر فردِ جرم عائد کر دی ہے جس میں اس پر ریاست کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی نیت اور دشمن کے فائدے کے لیے معلومات فراہم کرنے اور کسی غیر ملکی ایجنٹ کے ساتھ رابطہ رکھنے کے الزامات شامل ہیں۔
شن بیت، پولیس اور اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ فوجی تقریباً ایک سال تک ایرانی ایجنٹوں کے ساتھ رابطے میں رہا۔ اس دوران اس نے اپنے یونٹ کی فوجی سرگرمیوں، آئی ڈی ایف کی تیاریوں اور فوجیوں کو طلب کیے جانےکے بارے میں حساس معلومات فراہم کیں۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ فوجی نے ایرانی ہینڈلر کو فوجی اڈوں اور ان کے کوآرڈینیٹس کے بارے میں معلومات بھیجیں اور اسرائیل کے ایک ہوائی اڈے پر نصب فضائی دفاعی نظام، فوجی گاڑیوں اور امریکی ری فیولنگ طیاروں کی تصاویر بھی بھیجیں۔
پراسیکیوٹرز نے مزید بتایا کہ اس اسرائیلی فوجی کو ایران کا سفر کرنے کے لیے 2 لاکھ ڈالر کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔








