تحریر: بشارت حسین زاہدی
گلگت بلتستان میں جمہوری عمل کا تسلسل جاری ہے اور آئینی مدت کے اختتام پر نگران حکومت کی تشکیل ایک اہم مرحلہ ہے۔ نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب خطے کی سالمیت، استحکام اور پرامن بود و باش کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
ہم اس بات پر بھرپور زور دیتے ہیں کہ کسی بھی مسلے کو تعصب کی عینک لگا کر اور فرقے کی بنیاد پر پرکھنا نہ صرف علاقائی سالمیت اور بود و باش کے لیے زہر قاتل ہے بلکہ یہ آئین اور اخلاقی اقدار کی بھی صریح خلاف ورزی ہے۔
معیار صرف کارکردگی اور اہلیت: نگران وزیراعلیٰ کے انتخاب کا واحد معیار اس شخص کی اہلیت، غیر جانبداری، انتظامی صلاحیت، اور ریاست سے وفاداری ہونا چاہیے۔ کسی بھی امیدوار کو علاقائی تعصب کا بہانہ بنا کر متنازعہ بنانے کی کوشش سخت نا قابل قبول ہے۔
علاقائی سالمیت اور اتحاد: ایک ایسی شخصیت جس کی علاقائی سالمیت، اتحاد و اتفاق، اور خصوصاً اتحاد بین المسلمین کے لیے خدمات اظہر من الشمس ہوں، اسے نشانہ بنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ یہ اوچھے ہتھکنڈے دراصل گلگت بلتستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
ٹیسٹ کیس: نگران وزیراعلیٰ کو متنازعہ بنانے کی یہ کوششیں نہ صرف موجودہ سیٹ اپ بلکہ آنے والی ہر حکومت کے لیے ٹیسٹ کیس بنیں گی اور علاقے کے لیے نیک شگون نہیں ہوں گی۔
محمد علی قائد: امن اور ترقی کی علامت
محمد علی قائد صاحب کا نام نگران وزیراعلیٰ کے لیے زیر غور آنا گلگت بلتستان کے لیے ایک نیک فال ہے۔
متعدل مزاجی اور اعتدال: وہ ایک متعدل مزاج اور غیر متنازعہ شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں، جنہوں نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کو فروغ دیا۔
تعمیر و ترقی کا کردار: علاقہ کی تعمیر و ترقی اور یکجہتی میں ان کا کردار ہمیشہ سے بہت اہم رہا ہے۔
فرقہ واریت کی مذمت: ایک متعصب مولوی کا بیان فرقہ واریت پھیلانے کی ایک ناکام کوشش ہے جسے گلگت بلتستان کے باشعور عوام یکسر مسترد کرتے ہیں۔ کسی فرد واحد کی فرقہ پرستی کی بنیاد پر نامزدگی کو چیلنج کرنا دراصل ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو تقویت دینا ہے۔
نگر اسٹیٹ کی خدمات: یہ بات ایک تاریخی حقیقت ہے کہ جب پاکستان معرض وجود میں آیا تو وہ شدید مالی بحران کا شکار تھا۔ اس وقت نگر اسٹیٹ نے اپنا سرمایہ اور وسائل مادر وطن پر نچھاور کیے۔
ریاستِ پاکستان کی ذمہ داری: آج ریاست پاکستان کو نگر کے ساتھ وفا نبھانے اور وہاں کے مخلص اور محب وطن فرزندوں کی صلاحیتوں کا اعتراف کرنے کا موقع ہے۔ اہلیت رکھنے والے امیدوار کو محض علاقائی یا فرقہ وارانہ تعصب کی بنیاد پر محروم کرناتاریخ اور اخلاقیات دونوں کے منافی ہے۔
گلگت بلتستان کے تمام محب وطن حلقے پاکستان کی مرکزی قیادت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ معیار، پرفارمنس اور اہلیت کی بنیاد پر نگران وزیراعلیٰ کا انتخاب کریں، اور محمد علی قائد صاحب جیسی تجربہ کار اور اعتدال پسند شخصیت کے خلاف پھیلائی جانے والی بے بنیاد اور متعصبانہ مہم کو سختی سے رد کریں۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔






