سیاسیات- عظیم الشان مرجع تقلید آیت اللہ العظمی وحید خراسانی کی نماز جنازہ بدھ کو قم میں ادا کی گئی۔ خبر رساں ایجنسی ‘ارنا’ کے مطابق جنازے میں علماء اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
مرحوم مرجع تقلید کے دفتر کے مطابق جسد خاکی اب مشہد مقدس منتقل کیا جائے گا۔ جہاں جمعرات کے روز انہیں حرم امام رضاؑ کے جوار میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے اپنے تعزیتی پیغام میں مرحوم کو حوزہ علمیہ میں فقہ و اصول کی تدریس کا بنیادی ستون قرار دیا۔ رہبر انقلاب کے مطابق ان کے روزانہ کے دو دروس حوزے کی اہم ترین علمی محفلیں تھے۔ انہوں نے مرحوم کے خاندان سے تعزیت کی۔
پاکستان میں نمائندہ ولی فقیہ و قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کا اپنے تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ بلاشبہ اس عالم ربانی کی رحلت فقاہت و مرجعیت، حوزہ ہائے علمیہ اور مکتب اہل بیت علیہم السلام کے تمام پیروکاروں کے لیے ایک عظیم اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اس فقیہ جلیل القدر کے علمی و معنوی آثار، اخلاقی فضائل، تقویٰ و پرہیزگاری اور مخلصانہ خدمات ہمیشہ اہل علم و معرفت کے لیے مشعل راہ رہیں گی۔
ادھر حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے بھی تعزیتی پیغام بھیجا۔ ‘المنار’ کے مطابق انہوں نے کہا: ’’مرحوم نے پوری زندگی اسلام اور ولایت کے راستے کی خدمت میں گزاری۔‘‘ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانی کے دروس، تصانیف اور شاگرد ایک مستقل علمی ورثہ ہیں۔
واضح رہے کہ آیت اللہ وحید خراسانی منگل کی صبح 105 برس کی عمر میں قم میں انتقال کر گئے تھے۔ حکومتی ترجمان نے بدھ کے لیے ملک گیر عام سوگ کا اعلان کیا تھا۔ جبکہ صوبہ قم میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔








