سیاسیات-اسلامی جمہوریہ ایران کی پاسداران انقلاب کے مشیر محمد رضا نقدی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایسے سمندری راستے جلد مکمل طور پر بند کر دیئے جائیں گے، جہاں چوری چھپے جہاز رانی کی کوشش کی جاتی ہے اور جو یکسر طور پر غیر قانونی ہیں۔ ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق محمد رضا نقدی نے کہا کہ ان راستوں کو بعض افراد نے آبنائے ہرمز میں موجود چٹانی گزرگاہوں کو دھماکوں کے ذریعے نقصان پہنچا کر بنایا تھا اور ان کا استعمال چھوٹی کشتیوں کے ذریعے تیل کی اسمگلنگ کے لیے کیا جا رہا ہے۔
محمد رضا نقدی نے کہا کہ ان راستوں سے اسمگل کیے جانے والے تیل کی مقدار بہت کم ہے اور چھوٹی کشتیاں اسے بڑے تیل بردار جہازوں تک منتقل کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں، تاہم ان چور راستوں کو جلد ہی بند کر دیا جائے گا۔ انھوں نے امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر ایرانی مسلح افواج کے کنٹرول میں ہے اور امریکا کی جانب سے ایران کے مطالبات تسلیم کیے جانے تک موجودہ صورت حال برقرار رہے گی۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔








