سیاسیات- ملک میں سیاسی افق پر نمودار ہونے والی نئی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویز خٹک نے نیا پینڈورا باکس کھول دیا۔
تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے سربراہ پرویزخٹک نے محمود خان اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ جماعت کی تشکیل کے بعد ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ہم خیال سابق ارکان اسمبلی کے صلاح مشورے کے بعد تحریک انصاف پارلیمنٹرین کی بنیاد رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنی پارٹی کے منشور اور جھنڈے کے حوالے سے اعلان بعد میں کریں گے تاہم ہمارا منشور پاکستان اور صوبے کے مفاد میں ہوگا۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے اس صوبے میں میں دو بار حکومت کی اور خیبرپختونخوا کی خدمت کی پوری کوشش کی، ہم نے خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ، سوات موٹروے، بی آر ٹی بنائی، جنگلات کو بچایا بلین ٹری سونامی پروگرام شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے تین چار بار الیکشن کے مواقع کیوں ضائع کیے، یہ انکشاف جب ہوگا تو سب حیران رہ جائیں گے۔ پرویز خٹک نے مزید کہا کہ ہم نے جمہوریت کا راستہ اپنانا ہے اور انتشار کی سیاست نہیں کرنی، تحریک انصاف نے کیوں الیکشن قبول نہیں کیا اور وقت ضائع کیا، بہت بڑا راز ہے اور جس دن یہ راز افشاں ہوگا تو لوگوں کو علم ہوجائے گا کہ پی ٹی آئی کا پروگرام دراصل کیا تھا۔
پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ ہمارے ساتھ پی ٹی آئی کے 57 اراکین ہیں، جن میں سابق اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔