سیاسیات-ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے کامیابی حاصل کرلی اور وہ مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہوگئے۔
کل ترکیہ میں صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں پولنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے 5 بجے تک جاری رہی۔
اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردوان 52.12 فیصد ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 47.88 فیصد ووٹ حاصل کرسکے ہیں۔
اب تک کے نتائج کے مطابق صدر اردوان نے 2 کروڑ 68 لاکھ37 ہزار 84 ووٹ لیے ہیں جبکہ اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 2 کروڑ 46 لاکھ 54 ہزار 839 ووٹ لیے ہیں۔
صدارتی انتخاب میں ٹرن آؤٹ 85 فیصد سے زائد رہا۔ اس کے علاوہ اوورسیز ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ترکیہ میں اردوان کی جیت کا جشن
ترکیہ کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر اردوان نے دوسرے مرحلے میں انتخاب جیت لیا ہے۔ اردوان کی جیت کی خوشی میں ترکیہ بھر میں ان کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور فتح کا جشن منایا جبکہ صدر اردوان نے بھی استنبول میں ہزاروں حامیوں سے خطاب کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، فلسطین اور ہنگری کے وزرائے اعظم سمیت دنیا بھر سے سربراہان مملکت کی جانب سے اردوان کو جیت پر مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
خیال رہے کہ ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں ووٹر ٹرن آؤٹ 90 فیصد رہا تاہم کسی بھی امیدوار کے 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث صدر کا فیصلہ نہ ہو سکا۔
پہلے مرحلے میں رجب طیب اردوان کو اپنے مخالف امیدوار پر 5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہو گئی تھی تاہم وہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کرپائے، وہ پہلے مرحلے میں 49.52 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے اور سنان اوغنان 5.17 فیصد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے جب کہ پارلیمانی انتخابات میں رجب طیب اردوان کے اتحادی بلاک نے واضح اکثریت حاصل کر لی تھی۔