سیاسیات- وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز ساجد حسین طوری کا کہنا ہےکہ اٹلی کشتی حادثے میں 14 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ 14پاکستانیوں میں سے 8 کی لاشیں پاکستان پہنچ چکی ہیں، ہاکی پلیئر شاہدہ رضا کا جسد خاکی دو روز میں پاکستان آجائےگا۔
ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ کوشش ہےکہ پاکستان کے لوگ قانونی طریقے سے بیرون ملک جائیں، انسانی اسمگلنگ کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،اوور سیزپاکستانیوں کی زمینوں پر ہونے والے قبضےکا فیصلہ اب جلد ہوا کرےگا۔
خیال رہےکہ گزشتہ ماہ اٹلی کے ساحل کے قریب کشتی ڈوبنےکے حادثے میں ابتدائی طور پر 28 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی، پاکستانی سفارتخانے نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 28 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
بعد ازاں اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نےکہا تھا کہ کشتی پر 20 پاکستانی سوار تھے جن میں سے 16 پاکستانیوں کو ریسکیوکیا گیا جس کے بعد ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نےکشتی ڈوبنےکے حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔