تحریر: سید اعجاز اصغر
پاکستان آج ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں سیاسی اختلافات، اداروں کے بارے میں مختلف تصورات، معاشی مشکلات اور ذرائع ابلاغ کے متضاد بیانیوں نے قومی مکالمے کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر غیر مستند اور اخلاقی اقدار کے منافی نشر واشاعت نے قوم کو متحد ہونے کی بجائے مذہبی و سیاسی حلقوں میں تفرقہ ڈال دیا گیا ہے، سیاسی جماعتوں کے مابین عدم برداشت اور انتہا پسندی نے قوم کو مایوس کردیا ہے
ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پاکستان صرف سیاسی جماعتوں، حکومتی ایوانوں یا ریاستی اداروں کا نام نہیں، بلکہ 25 کروڑ سے زائد شہریوں کی مشترکہ امیدوں، قربانیوں اور مستقبل کا نام ہے۔ حکومتی ایوانوں میں سیاسی اختلاف کی بجائے سیاسی مخالفت کا رجحان تیزی سے پروان چڑھایا گیا ہے، اب نئی نسل مخالفت اور اختلاف کے درمیان فرق محسوس کرتی ہے، اختلاف رائے اور مخالفت میں فرق واضح کرنا ہوگا، مذہب اور سیاست میں اختلاف رائے ہو سکتا ہے مگر مخالفت نہیں ہونی چاہیے کیونکہ مخالفت ذاتی دشمنی کے زمرے میں آتی ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، لہذا اختلاف رائے اور مخالفت کے درمیان فرق کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے،
سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بنیاد ہیں اور مسلح افواج قومی دفاع کی اہم ذمہ داری انجام دیتی ہیں۔ دونوں کے آئینی کردار اپنی اپنی جگہ اہم ہیں۔ ان میں سے کسی ایک کو دوسرے کا متبادل سمجھنا قومی مفاد میں نہیں۔
ہمیں یہ سوال بھی کرنا چاہیے کہ عوام کا اعتماد کیوں متاثر ہوتا ہے؟ کیا سیاسی جماعتیں اپنے انتخابی وعدوں پر پوری اتر رہی ہیں؟ کیا سیاسی اختلاف کو برداشت کرنے کی روایت مضبوط ہو رہی ہے؟ کیا ریاستی ادارے اپنے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے عوامی اعتماد کو مزید مستحکم کر رہے ہیں؟
قومی اداروں کا احترام اور ان کی کارکردگی پر اصولی سوال اٹھانا ایک دوسرے کی ضد نہیں۔ اسی طرح سیاسی جماعتوں سے اختلاف جمہوریت سے اختلاف نہیں ہوتا۔
پاکستان کو آج شخصیات کی پرستش سے زیادہ مضبوط اداروں، سیاسی برداشت، آئین کی بالادستی، شفاف احتساب اور ذمہ دارانہ صحافت کی ضرورت ہے۔
ہمیں ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں اختلاف کرنے والا غدار نہ کہلائے، سوال اٹھانے والا دشمن نہ سمجھا جائے اور اقتدار میں موجود شخص احتساب سے بالاتر نہ ہو۔
قومی یکجہتی کا راستہ خاموشی، خوف یا اندھی حمایت سے نہیں بلکہ انصاف، سچائی، احترام اور باہمی اعتماد سے نکلتا ہے۔
پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے۔ اس کی مضبوطی کسی ایک جماعت یا ادارے کی کامیابی میں نہیں، بلکہ تمام آئینی اداروں اور شہریوں کے باہمی اعتماد میں پوشیدہ ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔








