سیاسیات۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ دشمن نے دوبارہ فوجی تصادم کا راستہ اختیار کیا تو ہمارا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے غیر ملکی سفیروں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جنگ کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اگر دشمنوں نے دوبارہ فوجی تصادم کا راستہ اختیار کیا تو ایران کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا اور وہ مزید طاقت کے ساتھ اپنا دفاع کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ نہ ہی کوئی فوجی حل ہے اور نہ ہی نئی پابندیوں کے ذریعے مسئلے کا حل ممکن ہے، اس تنازع کا خاتمہ صرف انصاف اور برابری کی بنیاد پر مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔
دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا کہ ایران نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاسوں کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے آبنائے ہرمز کے حوالے سے پیش کی گئی تجویز پر امریکی جواب پر غور کررہا ہے۔
کاظم غریب آبادی نے واضح کیا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کا اس حوالے سے کوئی حتمی جواب تیار ہوا تو اسے مناسب اور متعلقہ سفارتی چینلز کے ذریعے آگے بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر کے اواخر میں ایران کی اس پیشکش کو مسترد کر دیا تھا جس میں سات دن کے اندر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔








