جون 29, 2026

سیاسیات- برطانیہ کی ایک پارلیمانی کمیٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران 2022 سے اب تک برطانیہ میں مقیم افراد کو قتل یا اغوا کرنے کی کم از کم 15 کوششیں کر چکا ہے جبکہ تہران سے درپیش خطرات نمایاں طور پر بڑھ گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پارلیمنٹ کی انٹیلیجنس اور سیکیورٹی کمیٹی نے بتایا کہ لندن کا ردعمل صرف ’بحران کے حل‘ پر مرکوز رہا ہے، جبکہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق خدشات نے بہت زیادہ توجہ حاصل کی۔

تہران نے فوری طور پر ان الزامات کو بے بنیاد، سیاسی اور دشمنی پر مبنی قرار دے کر سختی سے مسترد کر دیا۔

لندن میں ایرانی سفارت خانے نے کہا کہ کمیٹی کے دعوے بے بنیاد، غیر ذمہ دارانہ اور ایران کے جائز علاقائی اور قومی مفادات کو بدنام کرنے کے ایک وسیع تر رجحان کی عکاسی کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایران مارچ میں وہ پہلا ملک بن گیا جسے برطانیہ کی نئی فارن انفلوئنس رجسٹریشن اسکیم کے ایک سخت تر زمرے میں شامل کیا گیا تھا، جس کا مقصد خفیہ غیر ملکی اثرات کے خلاف قومی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔

اس اسکیم کے تحت ایران، اس کی انٹیلیجنس سروسز یا پاسدارانِ انقلاب کے لیے ملک میں کام کرنے والے تمام افراد کو ایک نئی فہرست میں رجسٹر ہونا لازم ہے، بصورت دیگر قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واچ ڈاگ کمیٹی کے چیئرمین کیوان جونز نے رپورٹ میں کہا کہ ایران برطانیہ، برطانوی شہریوں اور مفادات کے لیے ایک وسیع، مستقل اور غیر متوقع خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران جارحانہ کارروائیوں کے دوران خطرہ مول لینے کی اعلیٰ صلاحیت رکھتا ہے، اور اس کی انٹیلیجنس ایجنسیاں بڑی حد تک وسائل سے لیس اور قوت کی حامل ہیں۔

کیوان جونز کا کہنا تھا کہ ایران ان کارروائیوں کے لیے اپنے اثر و رسوخ کو پراکسی گروپوں کے ذریعے کرتا ہے، جن میں مجرمانہ نیٹ ورکس، عسکریت پسند اور دہشت گرد تنظیمیں، اور نجی سائبر عناصر شامل ہیں۔

کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اگرچہ برطانیہ میں ایران کی سرگرمیاں ’روس اور چین کی نسبت کم اسٹریٹجک اور محدود پیمانے پر‘ ہیں، مگر ان کو کم تر نہیں سمجھنا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے لاحق خطرات تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور یہ خاص طور پر مخالفین کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں یہودی اور اسرائیلی مفادات پر مرکوز ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ’ایرانی انٹیلیجنس سروسز نے ظاہر کیا ہے کہ وہ برطانیہ میں قتل یا اغوا کی کوشش کرنے کی خواہش اور صلاحیت رکھتی ہیں۔‘

مزید بتایا گیا کہ ’2022 کے آغاز سے اب تک برطانوی شہریوں یا برطانیہ میں مقیم افراد کے خلاف قتل یا اغوا کی کم از کم 15 کوششیں کی گئی ہیں۔‘

اسی طرح، برطانیہ کے سیکیورٹی وزیر ڈین جاروس نے مارچ میں کہا تھا کہ برطانیہ کی اندرونی انٹیلیجنس سروس ایم آئی فائیو نے ایران سے وابستہ 20 سازشوں کی نشاندہی کی ہے، جو شہریوں اور برطانیہ میں مقیم رہائشیوں کے لیے ممکنہ طور پر مہلک خطرات پیش کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ رپورٹ ایران انٹرنیشل نامی اسلامی جمہوریہ ایران مخالف چینل کے ہیک ہونے کے بعد دی گئی ہے اس صیہونی چینل کا مرکزی دفتر لندن میں ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔

https://whatsapp.com/channel/0029VaAOn2QFXUuXepco722Q

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

four × 1 =