سیاسیات- گزشتہ روز ضلع کرم کے علاقے بگن میں پاراچنار جانے والے کانوائے کے سامان سے بھرے ٹرکوں پر فائرنگ اور لوٹ مار کے واقعے میں لاپتہ ہونے والے 5 ڈرائیوروں میں سے 4 کی لاشیں اڑوالی سے مل گئیں جس کے بعد واقعے میں شہید ہونے والے کل شہداء کی تعداد 9 ہو گئی۔
کرم کے پولیس حکام کے مطابق لاشیں لوئر کرم کے علی زئی اسپتال میں پہنچا دی گئی ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرم کے مطابق گزشتہ روز کرم سے بگن جانے والے تیسرے امدادی قافلے پر دہشت گردوں نے راکٹوں سے حملہ اور فائرنگ بھی کی تھی۔
اس سے قبل کرم کے لیے تیسرے قافلے کے پہلے مرحلے میں 35 مال بردار گاڑیاں روانہ کی گئی تھیں جن میں دوائیں، سبزیاں، پھل اور کھانے پینے کی دیگر چیزیں شامل تھیں جبکہ قافلے کی سکیورٹی کے لیے پولیس، ایف سی اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات تھی۔