سیاسیات- وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی مظالم سے ایسی آگ بھڑک رہی ہے جو خطےکو لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قاہرہ میں ڈی ایٹ ممالک کے سربراہی اجلاس کے موقع پر غزہ اور لبنان سے متعلق خصوصی سیشن سے خطاب میں کہا اسرائیلی مظالم غزہ میں تباہی مچانے کے بعد اب مقبوضہ مغربی کنارے تک پھیل چکے ہیں ، اسرائیلی جارحیت غزہ کے بعد لبنان اور شام تک بھی پھیل چکی ہے۔
وزیراعظم غزہ پر اسرائیلی حملے بند کرنےکا مطالبہ کرتے ہوئےکہا کہ غزہ میں جنگ بندی خطے اور دنیا کے امن کے لیے اہم ہے، اقوام متحدہ ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی لاکھوں بے بس فلسطینیوں کے لیے لائف لائن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ اور لبنان سے متعلق خصوصی اجلاس بلانے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی کا مشکور ہوں، اکتوبر 2023 سے غزہ میں جو ہو رہاہے وہ حالیہ تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے۔