ستمبر 29, 2024

بلوچستان: سات مزدور قتل، بیس سے زائد اغوا

سیاسیات- بلوچستان کے علاقے پنجگور میں سات مزدوروں کے قتل کے بعد اب ضلع موسیٰ خیل سے مسلح افراد نے 20 سے زائد مزدوروں کو اغواء کر لیا۔

پولیس کے مطابق مزدور قومی شاہراہ پر تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں کام کر رہے تھے، مسلح افراد نے پہلے کیمپ پر فائرنگ کی اور پھر مزدوروں کو اغواء کر کے لے گئے۔

مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کے زیر استعمال 8 بلڈوزر بھی نذر آتش کر دیے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر مزدوروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجگور کے علاقے خدا بدن میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کرکے 7 مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جبکہ ایک مزدور شدید زخمی ہوا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مرنے والوں کا تعلق پنجاب کے شہر ملتان سے ہے جنہیں کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے سفاکی اور بے دردی سے قتل کیا۔

مقتولین خدا بدن میں گھر کی تعمیر کے لیے مزدوری کر رہے تھے جن میں ساجد، فیاض، خالد، شفیق، افتخار، سلمان اور بلال شامل ہیں جبکہ زخمی کی شناخت محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

18 − two =