سیاسیات- امریکہ میں سکیورٹی کو بنیاد بنا کر جدید آٹو ڈرائیونگ گاڑیوں کی پروڈکشن میں چین اور روس کے ہارڈ وئیر اور سافٹ وئیر کے استعمال پر پابندی کی تجویز سامنے آگئی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ خدشات ہیں کہ آٹو ڈرائیونگ گاڑیوں کی پروڈکشن میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی گاڑیوں کو دوسرے نیٹورک سے جوڑ کر دشمن کو امریکی سڑکوں پر دوڑتی گاڑیوں کو کنٹرول کرنے کا اختیار دے سکتی ہے۔
امریکی کامرس سیکرٹری گینا ریمونڈو کا کہنا تھا کہ پابندی کا منصوبہ امریکی سکیورٹی اور سلامتی کے پیش نظر ٹارگیٹڈ اور پروایکٹو بنیاد پر بنایا گیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج کی گاڑیوں میں کیمرے، مائکروفون اور جی پی ایس ٹریکنگ سمیت انٹرنیٹ سے جڑی دیگر ٹیکنالوجیز استعمال ہو تی ہیں، اسلیے یہ سمجھنا زیادہ مشکل نہیں کتنی آسانی سے کوئی بھی غیر ملکی درانداز اس معلومات تک رسائی حاصل کرکے نیشنل سکیورٹی اور امریکی شہریوں کی پرسنل پرائیوسی کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ پابندیوں کا اطلاق ممکنہ طور پر 2027 سے ہو گاجبکہ ہارڈوئیر کے استعمال پر پابندی اس کے تین سال بعد لاگو کی جائے گی تاکہ گاڑیوں کی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کو اپنے معاملات سیدھے کرنے کیلئے بہتر وقت میسر ہو سکے۔
امریکی اقدام پر چینی حکام نے اپنے ردعمل میں کہا کہ امریکہ نیشنل سکیورٹی کو بڑھا چڑھا کر غیرمنصفانہ طریقے سے چائنیز کمپنیوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔