سیاسیات- ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے 9 وکٹوں سے یکطرفہ مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیکر پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
جنوبی افریقی بولرز کے سامنے افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، جیت کیلئے صرف 57 رنز کا ہدف دیا، جنوبی افریقا نے مطلوبہ ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر 8.4 اوورز میں ہی حاصل کرلیا۔
جنوبی افریقہ کیخلاف ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 11.5 اوورز میں افغانستان کی پوری ٹیم محض 56 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف افغانستان کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی، کوئی بیٹر جنوبی افریقی بولرز کا مقابلہ نہیں کر سکا۔
پہلی اننگز
افغانستان کی جانب سے صرف عظمت اللہ عمر زئی 10 رنز بنا سکے ہیں، رحمان اللہ گر باز، محمد نبی اور نو ر احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔
ابراہیم زادران 2،گلبدین نائب 9، ننگیالیا خروٹے 2، کریم جنت 8، راشد خان 8 اور نوین الحق 2 رنز اسکور کر پائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو جانسن اور تبریز شمسی نے 3، 3 جبکہ رباڈا اور اینرک نوکیا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز
افغانستان کیخلاف اننگز اوپن کرنے کیلئے آنے والے جنوبی افریقی بیٹر کوئنٹن ڈی کوک 5 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس نے 29 اور کپتان ایڈرن مارکرم نے 23 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
افغانستان کی جانب سے اننگز کی واحد وکٹ فضل حق فاروقی نے حاصل کی۔
ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل کیلئے افغانستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں مد مقابل تھیں۔
آج ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل بھارت اور انگلینڈ کے درمیان شام ساڑھے سات بجے پروویڈینس میں ہوگا، ایونٹ کا فائنل ہفتہ 29 جون کو برج ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ افغانستان نے سپر 8 مرحلے میں ایونٹ کی خطرناک ٹیم آسٹریلیا کو اپ سیٹ شکست دی تھی۔
اس کے بعد افغانستان کی ٹیم نے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئیس سسٹم کے تحت 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سال 2009 اور 2014 میں سیمی فائنل کھیلا تھا لیکن اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس مرتبہ وہ ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا عزم لیکر میدان میں اتری ہے۔