دسمبر 21, 2024

اسلام آباد، آئی ٹین میں دھماکہ، پولیس اہلکار سمیت دو شہید

سیاسیات-  وفاقی دارالحکومت کے علاقے سیکٹر آئی 10 میں بیرونی روڈ پر گاڑی میں دھماکہ ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اہل کاروں نے ایک ٹیکسی کو روکا اور تلاشی کی تو دھماکہ ہوگیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے میں ایک پولیس اہل کار سمیت 2 افراد شہید ہوئے جب کہ 3اہل کار زخمی ہوئے ہیں، جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

شہید اہل کار کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں میں اہل کار محمد حنیف، محمد یوسف اور محمد بلال شامل ہیں۔ دھماکے میں 2 شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی میں موجود شخص بھی شہید ہوگیا۔ گاڑی میں دھماکا بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور غیر متعلقہ گاڑیوں کی نقل و حرکت روک دی گئی ہے۔

دھماکے کے بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی ٹیمیں جائے وقوع پہنچ گئے جب کہ ملحقہ علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

2 لاشیں اور 10 زخمی اسپتال منتقل کیے گئے، ڈائریکٹر پمز

دریں اثنا ڈائریکٹر پمز خالد محسود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہنگامی صورت حال میں زخمیوں کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب تک 10 زخمی ہمارے پاس لائے گئے ہیں جب کہ 2 افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی ہیں، جن میں ایک پولیس اہلکار اور ایک عام شہری کی لاش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کا عمل بعد میں دیکھیں گے۔

وزیراعظم نے رپورٹ طلب کرلی

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعظم نے واقعے میں شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا۔قوم اپنے بہادروں کو سلام پیش کرتی ہے ۔

راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں دھماکے کے بعد ضلع راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ اسلام آباد کے جڑواں شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکا بندی کرکے حکام نے نماز جمعہ کے اجتماعات کو سخت سکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ترجمان اسلام آباد کیپٹل پولیس کے مطابق بروقت کارروائی سے شہر دہشت گردی کے بڑے حملے سے محفوظ رہ گیا۔ شہدا اور زخمی جوانوں کو قوم کی جانب سے سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گرد کچھ عرصے سے پولیس کو نشانہ بنا رہے ہیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے کو شکست دے سکیں۔ دہشت گرد پولیس اور عوام پر حملہ کرنے کی غرض سے گنجان آباد علاقے میں دھماکا کرنا چاہتے تھے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

five + 5 =