سیاسیات- رفح میں بڑا آپریشن روکنے کے لیے امریکہ نے اسرائیل کو حماس رہنماؤں سے متعلق خفیہ معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکہ نے رفح میں بڑے پیمانے پر آپریشن نہ کرنے کے بدلے اسرائیل کو غزہ میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے کیلئے خفیہ معلومات دینے اور حماس کی سرنگوں کے نیٹ ورک کی معلومات دینے کی پیشکش کی ہے۔
حماس نے رفح میں اسرائیلی آپریشن اور فلسطینیوں کے خلاف انسانیت سوز جرائم کا مکمل ذمہ دار بائیڈن انتظامیہ کو قراردیا ہے اور کہا ہے کہ امریکہ صیہونی فسطائیت کے جرائم پر مسلسل پردے ڈال رہا ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ، عالمی برادری ڈرنا چھوڑے، غزہ میں حملے روکنے اور امداد فراہمی کے لیے اسرائیل پر دباؤ بڑھائے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو رفح کے مشرقی اور وسطی علاقوں سے انخلا کا حکم دے دیا ۔اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی کے رفح شہر سے 3 لاکھ فلسطینیوں کا انخلاء کرا دیا۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں کل سے اب تک مزید 30 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔