سیاسیات- ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے حماس کے رہنما کے 3 بیٹوں کی شہادت صہیونی حکومت کی وحشت کی ایک اور نشانی ہے۔
حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے تین بیٹوں کی شہادت پر ایرانی صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ صیہونی کسی انسانی اور اخلاقی اقدار کے پابند نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ صیہونی حکومت کا مکروہ اور وحشی چہرہ عیاں ہورہا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل اپنی ہزیمت آمیز شکست پر پردہ ڈالنے کے لیے ہر انسانی اور اخلاقی اقدار پامال کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملوں پر انسانی حقوق کے دعویدار ادارے اور ممالک بھی خاموش ہیں، خاموش عالمی ادارے اورمغربی ممالک صیہونی جارحیت میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے اسماعیل ہنیہ کے نام پیغام میں کہا کہ’میں آپ اور آپ کے گھر والوں کو تعزیت پیش کرتا ہوں’۔
خیال رہے کہ عید کے موقع پر اسرائیلی طیاروں نے شمال مغربی غزہ میں شاتی مہاجر کیمپ کو نشانہ بنایا تھا۔
اس حملے میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹے اور 3 پوتے شہید ہوگئے۔
الجزیرہ کو انٹرویو میں اسماعیل ہنیہ نے تصدیق کی کہ اسرائیلی حملے میں ان کے بیٹے ہازم، عامر اور محمد شہید ہوگئے جبکہ ان کے پوتے بھی شہید ہوئے۔