سیاسیات- افغان طالبان نے کہا ہے کہ کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملے میں غیرملکی ہاتھ ملوث ہے۔
افغان طالبان کے ترجمان اور امارات اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات اور علم و ثقافت ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کا تعلق داعش سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابل میں امارت اسلامیہ کے خصوصی دستوں نے پاکستانی سفارت خانے میں فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم غیر ملکی شہری اور داعش کا رکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حملے کے پیچھے کچھ غیر ملکی گروہوں کا ہاتھ ہے جن کا مقصد دونوں برادر ممالک افغانستان پاکستان کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا تھا، حملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔