سیاسیات-بزرگ علماء کی جانب سے متنازعہ ترمیمی بل 2023ء کے خلاف اعلان کردہ ملک گیر علماء و ذاکرین کانفرنس کے انعقاد کے ضمن میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی، آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین اور مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی کی سرپرستی میں ایک اہم اجلاس جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں علامہ شیخ شفا نجفی، علامہ عارف حسین واحدی، علامہ محمد افضل حیدری، علامہ شبیر حسن میثمی، علامہ شیخ انور علی نجفی، علامہ شیخ محمد باقر گھلو اور زاہد علی آخونزادہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک گیر علماء و ذاکرین کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، جس کے تحت ملک گیر علماء و ذاکرین کانفرنس کے لیے اسلام آباد کے مرکزی مقام پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ کانفرنس کے بھرپور انتظامات کے لیے مزید انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں ملک گیر علماء و ذاکرین کانفرنس کا ایجنڈا بھی تشکیل دیا گیا، جس کے تحت ملک گیر علماء و ذاکرین کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔