سیاسیات- اسرائیل نے آج پھر لبنان میں فضائی کاروائی کی جس کے نتیجے میں حزب اللہ کے 3 کمانڈرز شہید ہوگئے جب کہ دو روز میں مجموعی تعداد 5 ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز کی طرح آج بھی اسرائیل نے فضائی حملے میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ گاڑی میں آگ بھڑک اُٹھی اور اُس میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
لبنان کے مقامی میڈیا نے تصدیق کی کہ جنوبی علاقے میں ایک کار کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔ یہ کار حزب اللہ کے کمانڈرز کے زیر استعمال تھی اور ممکنہ طور پر اس میں تین کمانڈرز سوار تھے۔
حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کی جانب سے اس حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تاہم حملے کی ویڈیو سوشل ویڈیو پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز بھی جنوبی لبنان میں اسرائیل کے ایک گاڑی پر فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر وسام طویل اپنے ایک ساتھی سمیت شہید ہوگئے تھے جب کہ آج کی کاروائی میں 3 شہادتوں کے بعد مجموعی تعداد 5 ہوگئی۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی غزہ اور پھر مغربی کنارے کے بعد اب لبنان میں بڑھتی کاروائیاں اس موقع پر کی جا رہی ہیں جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر قطر، سعودیہ، اردن، فلسطین اور اسرائیل میں فریقین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
7 جنوری سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ 59 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمیوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔