سیاسیات۔ ٹرمپ انتظامیہ نے روسی توانائی تنصیبات اور آئل ریفائنریز پر حملے روکنے کے لیے یوکرین پر دباؤ ڈالنے کی غرض سے اسے ہتھیاروں کی فراہمی معطل کرنے کی دھمکی دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہفتے اور اتوار کے روز امریکی حکام کی جانب سے موصول ہونے والی فون کالز یا بریفنگز کا حوالہ دیتے ہوئے یورپی حکام نے بتایا کہ امریکا، روس کی آئل ریفائنریز پر حملے رکوانے کے لیے یورپی ممالک اور یوکرین میں مسلسل لابنگ کر رہا ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ امریکی پیغام میں انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور ہتھیاروں کی فراہمی کے نظام ‘پرل’ کو منقطع کرنے کی دھمکیاں شامل ہیں۔
دوسری جانب اتوار کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس وقت یوکرین اور یورپی ممالک کو حیران کر دیا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اچانک اعلان کیا کہ یوکرین اور روس کے درمیان ایک دوسرے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے روکنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ روس امریکا اور عالمی منڈی کو فوری طور پر 3 لاکھ ٹن سے زائد ڈیزل فراہم کرے گا۔
امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ روسی صدر پیوٹن سے انتہائی کامیاب گفتگو ہوئی ہے۔ روس نومبر میں مزید 5 لاکھ ٹن ڈیزل فوری فراہم کرےگا جبکہ نومبرکے بعد روس مزید 10 لاکھ ٹن ڈیزل فراہم کرے گا۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔








