اپریل 19, 2025

وفاقی حکومت متنازع کینالز کا منصوبہ فوری روکے ورنہ پیپلز پارٹی ساتھ نہیں چل سکتی. بلاول

سیاسیات۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زراداری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت فوری طور پر اپنا متنازع نئے کینالز کا منصوبہ روکے ورنہ پیپلز پارٹی آپ کے ساتھ نہیں چل سکتی۔

حیدر آباد میں جلسہ سے خطاب میں کہا بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پانی کی تقسیم کا مسئلہ وفاق کو خطرے میں ڈال سکتاہے، اسلام آباد والے اندھے اور بہرے ہیں، یہ نا سننے کو تیار ہیں اور نا ہی دیکھنے کے لیے تیار ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم آپ کی وزارتوں کو لات مارتے ہیں، کینالز منصوبہ کسی صورت منظور نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو خبردار کرتا ہوں غلط فہمی میں نہ رہے کہ میں پیچھے ہٹوں گا، میرے پیچھے فارم 47 نہیں، میرے پیچھے عوام ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ شیر والے عوام کا خون چوستے ہیں، ن لیگ کا ہر منصوبہ کسان دشمن ہوتا ہے، جس طرح کسان کا خون چوسا جا رہا ہے وہ سب آپ کے سامنے ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اب وہ کہہ رہے ہیں کہ ریگستان کو آباد کریں گے، تھرپارکر کو آباد کرنا ہے تو سو بسم اللہ مگر سندھو پر ہم سمجھوتا نہیں کریں گے، آپ ٹیکنالوجی کے ذریعے چولستان اور تھرپارکر کو آباد کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت متنازع منصوبہ واپس لے تو زراعت کی ترقی کے لیے بیٹھ کر منصوبہ بنانے کو تیار ہوں۔

بلاول بھٹو نے جلسے میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ میں ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی جیت کارکنوں کو مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ 17 جماعتیں ہی اکٹھی نہیں تھیں بلکہ پی ٹی آئی اور ن لیگ بھی ایک پیج پر تھے، یہ سب اکٹھے تھے کہ عمر کوٹ میں پیپلز پارٹی کو ہرانا ہے، عمر کوٹ کے عوام کا شکر گزار ہوں کہ اسلام آباد والوں کو شکست دلائی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ  عوام کے حقوق کے لیے پیپلز پارٹی ہمیشہ لڑی ہے، پیپلز پارٹی کو جتوا کر آپ نے ثابت کر دیا کہ سندھ کے عوام کینالز کامنصوبہ مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں25 اپریل کو پیپلزپارٹی کا تاریخی جلسہ اور احتجاج ہوگا، اپنا وفاق، اپنا کسان اور اپنا سندھ بچائیں گے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

18 − 6 =