سیاسیات۔ بلوچستان کے زمینداروں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ صوبے کی آب و ہوا زعفران کی کاشت کے لیے موزوں ہے، زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ایکڑ زمین پر ایک کلو زعفران کی پیداوار ہو سکتی ہے۔
کوئٹہ میں ادارہ زرعی تحقیق کے زیر اہتمام زعفران کی کاشت کے حوالے سے آگہی سیمینار منعقد کیا گیا۔
اس موقع پر زرعی ماہرین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی زمین اور آب و ہوا زعفران کی کاشت کے لیے بہترین ہے۔ بغیر کھاد اور کم پانی سے یہاں زعفران کی کاشت ممکن ہے۔ صوبے میں زعفران کی کاشت کا تجربہ کامیاب رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ روز بروز زعفران کی مانگ بڑھ رہی ہے، مقامی زمینداروں کو زعفران کی کاشت اور سکھانے سے لے کر مارکیٹنگ تک کے تمام طریقے اور سہولیات مہیا کرنا ہوں گی۔
ماہرین کے مطابق دنیا کے کئی ممالک نے زعفران کی کاشت کو کمرشلائزڈ کر دیا ہے، بلوچستان کے زمینداروں کو بھی تربیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اس منافع بخش فصل سے فائدہ اٹھا سکیں۔