ستمبر 28, 2024

اسرائیلی فوج کا ایک خاندان پر حملہ، 9 بچوں سمیت 15 افراد شہید

سیاسیات- اسرائیلی فوج نے ایک گودام میں پناہ لیے ہوئے فلسطینی خاندان پر حملہ کرکے 9 بچوں سمیت 15 افراد کو شہید کر دیا۔

عرب میڈیا کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ کے علاقے الزوايدہ میں قائم ایک گودام پر  رات گئے بمباری کی جس کے نتیجے میں وہاں پناہ لیے ہوئے 16 افراد شہید ہوئے جن میں سے 15 کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جبکہ شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ، دیرالبلاح، خان یونس پر بھی بمباری کی اور اسرائیلی بمباری میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے شہر جنین میں بھی ایک کار پر ڈرون حملہ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا۔

دوسری جانب اسرائیلی مذاکرات کار آج غزہ جنگ بندی پر مزید بات چیت کےلیے قاہرہ جائیں گے جبکہ امریکی وزیرخارجہ اسرائیلی وزیر اعظم اور اسرائیلی حکام سے ملاقات کے لیے  آج اسرائیل روانہ ہو رہے ہیں۔ واضح رہے غزہ جنگ بندی سے متعلق رواں ہفتے دو دن تک جاری مزاکرات کے بعد مشترکہ بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا کی جانب سے گزشتہ ہفتے اتفاق شدہ نکات پر تیزی سے عملدرآمد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کےلیے تجاویز پیش کی گئیں ہیں جبکہ مذاکرات کے آغاز کی نسبت آج ہم جنگ بندی معاہدے کے کافی قریب پہنچ چکے ہیں۔

امریکہ، قطر اور مصر کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات میں اسرائیل نے بھی شرکت کی تاہم حماس نے مذاکرات میں حصہ نہیں لیا اور مؤقف اختیار کیا کہ اس سے پہلے جو مذاکرات ہوئے ان میں جن نکات پر اتفاق ہوا تھا اسرائیل نے اس کی پاسداری نہیں کی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1 × 3 =