سیاسیات۔ ایس ایس پی برائے امورِ مہاجرین، قم کا دفتر قائد ملت جعفریہ کا دورہ، طلاب و زائرین کے مسائل کے حل کی یقین دہانی
قم میں رہائش پذیر غیر ملکیوں اور مہاجرین کے امور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) جناب مجتبی پایان نے دفتر قائد ملت جعفریہ کا دورہ کیا۔ اس دورے کا بنیادی مقصد غیر ملکی طلاب اور زائرین کو درپیش مشکلات پر تبادلہ خیال کرنا اور ان کے لئے ممکنہ حل تلاش کرنا تھا۔

ملاقات کے دوران ایس ایس پی جناب پایان نے طلاب اور زائرین کے مختلف امور پر دفتر کے اراکین سے سیر حاصل گفتگو کی۔ انہوں نے مشکلات کو بغور سنا اور ان کے فوری حل کے حوالے سے مکمل یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر قم میں نمائندہ قائد اور دفتر کے مدیر علامہ شیخ بشارت حسین زاہدی نے معزز مہمان کو ادارے کی مجموعی فعالیت اور کارکردگی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور مسائل کے حل کے لیے چند اہم تجاویز بھی پیش کیں۔ مدیر دفتر نے ایس ایس پی صاحب کی دفتر آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ایس ایس پی جناب پایان نے دفتر قائد ملت جعفریہ کی فعالیت اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دفتر کے اعضاء سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ طلاب اور زائرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔







