سیاسیات۔ قم المقدسہ میں نمائندہ قائد ملت جعفریہ پاکستان اور مدیر دفتر علامہ بشارت حسین زاہدی نے امیر اہل سنت والجماعت گلگت بلتستان محترم قاضی نثار احمد صاحب پر ہونے والے بزدلانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ علاقے کے پُرامن ماحول کو سبوتاژ کرنے اور بدامنی و فرقہ واریت پھیلانے اور مذہبی منافرت کی آگ بھڑکانے کی گہری سازش کا حصہ ہے۔ ہم اس مذموم سازش کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
علامہ بشارت زاہدی کا کہنا تھا کہ اس بزدلانہ کارروائی کے لیے نگر کالونی جیسی پرامن جگہ کا انتخاب کرنا خود ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ یہ انتخاب واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ سازشی عناصر کا اصل مقصد صرف ایک شخص نہیں، بلکہ پورے علاقائی امن کو تباہ کرنا ہے۔
تمام انتظامیہ اور سیکورٹی اداروں سے پُرزور مطالبہ ہے کہ وہ ان سازشی عناصر کو جلد از جلد بے نقاب کریں اور ان کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنائیں۔
ہم گلگت بلتستان کے تمام محب وطن اور باشعور شہریوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ مسلکی تفریق سے بالاتر ہو کر اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کو مضبوط کریں۔ دشمن کو شکست دینے کا واحد طریقہ یہی اتحاد و یکجہتی ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا واٹس ایپ چینل فالو کیجئے۔








