جون 3, 2024

امریکہ و برطانیہ بحیرہ احمر سے اپنے جہاز نکال لیں۔ انصار اللہ

سیاسیات- یمن کی مقامتی تحریک “انصار الله” کے پولیٹیکل آفس کے رکن “محمد علی الحوثی” نے کہا کہ بحیرہ احمر میں امریکہ و برطانیہ کی موجودگی غزہ میں قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے والے اسرائیل کے دفاع کے لیے ہے۔ محمد علی الحوثی نے امریکہ و برطانیہ پر زور دیا کہ تم لوگ جرائم کا دفاع کرتے ہو اور ہم انسانیت کا، تم قاتلوں کا دفاع کرتے ہو لیکن ہم دفاع کرتے ہیں کہ کوئی قتل انجام پذیر نہ ہو۔ ہمارا انتخاب انسانی اقدار ہے لیکن تمہارا انتخاب قتل و غارت گری۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار “طوفان الاقصی” کے نام سے واقع ایک فوجی پریڈ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محمد علی الحوثی نے کہا کہ ہم تمہارے حملوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتے اور نہ ہی ہم اپنے موقف سے پیچھے ہٹیں گے۔ ہمیں معلوم ہے کہ امریکہ و برطانیہ ہمارے دشمن ہیں۔ ہم امریکہ سے کہتے ہیں کہ تم دہشت گرد ہو اور تم نے ہمارے حق میں جو جرائم انجام دیے ہیں ہم انہیں کبھی نہیں بھولیں گے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے بحیرہ احمر میں یمنی فورسز کے مقابلے میں ایک بحری اتحاد تشکیل دیا کہ جس نے آج صبح ہی برطانیہ اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر یمنی سرزمین پر اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔

اس سلسلے میں محمد علی الحوثی نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جان لے کہ جب وہ ہم پر بمباری کرتا ہے اور کہتا ہے کہ یہ سب کچھ اپنے دفاع میں کر رہا ہے، جب وہ اپنے جنگی طیاروں اور بحری جہازوں سے ہمیں مارنے کے لئے آتا ہے تو ہم نہ تو اس سے ڈرتے ہیں بلکہ یمنی عوام کے خلاف آنے والے ہر بحری جہاز کو ڈوبنا ہو گا۔ انصار اللہ کے اس رہنماء نے کہا کہ امریکہ اور انگلستان کو بحیرہ احمر سے اپنے بحری جہازوں کو واپس لے جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ لندن و واشنگٹن کی دھمکیاں غیر متزلزل اور شہادت کو پسند کرنے والی قوم کو نہیں ڈرا سکیں گی۔ اگر امریکہ و برطانیہ صحیح راستہ تلاش کر رہے ہیں تو انہیں نیتن یاہو سے کہنا چاہیے کہ وہ غزہ کا محاصرہ اور حملہ ختم کر دے۔ اس صورت میں یمن ان ممالک کے پیغام کو سمجھے گا۔ یاد رہے کہ یمنی مسلح افواج کے ترجمان “یحییٰ سریع” نے امریکی اتحاد کے حملوں پر اپنے رد عمل میں کہا کہ اس جارحیت کا حتمی جواب دیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

two × two =