جولائی 27, 2024

6 چھکے کھانے والے اسٹورٹ براڈ کے کیریئر پر ایک نظر

سیاسیات- انگلینڈ کے بہترین فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے۔

انگلش کرکٹ ٹیم  نے گزشتہ روز اوول ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ایشز سیریز 2-2 سے برابر کی، اس سیریز کے اختتام کے ساتھ ہی اسٹورٹ براڈ کا شاندار ٹیسٹ کیریئر بھی ختم ہوگیا۔

براڈ کے شاندار کیریئر پر ایک نظر

اسٹورٹ براڈ نے 21 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا ، کوئی نہیں جانتا تھا کہ یہ نوجوان لڑکا ایک دن انگلینڈ کا پریمیئر بولر بنے گا۔

ان کا ٹیسٹ ڈیبیو 2007 میں ٹی ٹوئٹی ورلڈ کپ کے دو ماہ بعد ہوا۔ لوگوں کو اگر براڈ یاد تھے تو یووراج سنگھ کی وجہ سے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں یووراج نے براڈ کی لگاتار 6 گیندوں پر 6 چھکے لگائے تھے۔

مگر بعد ازاں اپنی محنت اور شاندار کارکردگی سے اس بولر نے سب کو حیران کر دیا۔

اسٹورٹ براڈ ٹیسٹ کرکٹ میں 600 یا زائد وکٹیں لینے والے  دنیا کے دوسرے فاسٹ بولر بنے، محض 15 رنز دے کر 8 وکٹیں ان کی بہترین بولنگ ہے۔انہوں نے 167 ٹیسٹ میچز میں 604 وکٹیں لیں۔

براڈ نے 121 ون ڈے اور 56 ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلے۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے ایک روزہ کرکٹ میں 178 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 65 وکٹیں لیں۔

یوں تو انہوں نے انگلینڈ کو کئی فتوحات دلائیں لیکن ا نہوں نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے آخری ٹیسٹ کو بھی یاد گار بنادیا۔

ایشز سیریز کے آخری ٹیسٹ میں اپنے کیریئر کی جب آخری بال فیس کی تو اس پر براڈ نے مچل اسٹارک کو چھکا لگایا جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں جب انہوں نے اپنی آخری بال کی تو ایلیکس کیری کی وکٹ حاصل کرکے انگلینڈ کو اوول  ٹیسٹ جتوایا۔

حالیہ دور میں فاسٹ بولر زیادہ تر مختلف لیگز کھیلتے ہیں لیکن اسٹورٹ برا ڈ کسی لیگ کھیلنے کے بجائے ہمیشہ انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کو ترجیح دیتے رہے۔

یہی وجہ ہے کہ  وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 600 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔ یقیناً انگلینڈ ٹیم اور دنیائے کرکٹ ایسے شاندار کیریئر کے حامل بولر کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

4 × five =