جولائی 27, 2024

پی ایس ایل 9؛ شیڈول کا باقاعدہ اعلان ہوگیا

سیاسیات- پی ایس ایل 9 کا آغاز کب سے ہوگا؛ شیڈول کا باقاعدہ اعلان ہوگیا

پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری کو ہوگا۔ پہلا میچ  لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ٹی20 ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچ کھیلے جائیں گے، فائنل 18 مارچ کو کراچی میں ہوگا۔

پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن 17 فروری سے شروع ہونے والا ہے جس میں چار شہروں میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی خوبصورتی نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان شہروں میں ایونٹ کی میزبانی کا فیصلہ ملک بھر کے شائقین کے لیے اعلیٰ درجے کی کرکٹ پیش کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ان شہروں میں میچوں کی میزبانی نہ صرف شائقین کے جوش وخروش میں اضافہ کرتی ہے بلکہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کو بھی فروغ دیتی ہے۔

چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی  کا کہنا تھا کہ  ہم اس شاندار ایونٹ کے لیے تیار ہیں اور ساتھ ہی ہم سنسنی خیز مقابلے دیکھنے اور ملک بھر میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ناقابل فراموش لمحات فراہم کرنے کے بھی منتظر ہیں۔

پی ایس ایل 9  کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق  پچھلے ایڈیشن کی طرح ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 9 واں ایڈیشن بھی دو مرحلوں میں ہوگا جس میں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 17 سے 27 فروری تک 14 میچوں کی میزبانی کریں گے،  اس کے بعد کرکٹ ایکشن راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں منتقل ہوجائے گا جہاں 28 فروری سے 18 مارچ تک 20 میچ کھیلے جائیں گے۔

شائقین  کرکٹ میں مقبول ترین یہ ایونٹ چار شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ 6 ٹیموں پر مشتمل پی ایس ایل کا فائنل 18 مارچ کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگا۔

34 میچوں پر مشتمل اس ٹی20 ٹورنامنٹ میں کراچی 11 میچوں کی میزبانی کرے گا جن میں کوالیفائر، دو ایلیمینیٹرز اور فائنل شامل ہیں۔ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کا پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 9، 9 میچز کی میزبانی کرے گا جبکہ ملتان میں شائقین 5 میچز دیکھ سکیں گے۔ ٹورنامنٹ میں 7 ڈبل ہیڈرز ہوں گے ۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 5 ڈبل ہیڈرز میچوں کی میزبانی کرے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں دو دو مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہیں۔

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان مقابلہ 24 فروری اور 9 مارچ کو ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم 24 فروری کو میزبانی کرے گا جبکہ نیشنل بینک اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں 9 مارچ کو مدمقابل ہوں گی۔

کنگز، قلندرز، سلطانز اور یونائیٹڈ اپنے ہوم گراؤنڈ پر 5 میچز کھیلیں گی جبکہ پشاور زلمی 4 میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی،  لاہور اور راولپنڈی میں 3، 3  میچ کھیلے گی جب کہ ایک میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 25 فروری کو ہوم سائیڈ سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

6 + 5 =