سیاسیات-ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) سیزن 9 کے 25 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پشاور زلمی پی ایس ایل 9 میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے، اس سے قبل ملتان سلطانز پلے آف میں پہنچ چکی ہے۔
پنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی کی اننگز
پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم 53 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ صائم ایوب 30، محمد حارث 20، کیڈمور 33، حسیب اللہ 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔رومین پاؤل 28 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 9کی پہلی ہیٹ ٹرک کی، انہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
عقیل حسین نے اپنے چوتھے اوور کی دوسری،تیسری اور چوتھی گیندپر وکٹ لی، انہوں نے پشاور زلمی کے عامر جمال، مہران ممتاز اور لیوک ووڈ کو آؤٹ کیا۔اس کے علاوہ سہیل خان، محمد حسنین اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز
پشاور زلمی کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 120 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا، سعود شکیل 24 اور جیسن روئے 16 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ رائلی روسو 8، سہیل خان 7 اور خواجہ نافع 5 رنز بناسکے، ابرار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب، لیوک ووڈ ،مہران ممتاز اور خرم شہزاد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر جمال اور نوین الحق نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس جیت کے ساتھ پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، وہ پی ایس ایل کے ہر سیزن میں پلے آف میں پہنچنے والی واحد ٹیم ہے۔
پوائنٹس ٹیبل:
پی ایس ایل سیزن 9 میں ملتان سلطانز 12 اور پشاور زلمی 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے، دونوں ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔
اسلام آباد 9 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
کراچی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ لاہور قلندرز 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔