جولائی 22, 2024

سری لنکا کے خلاف فتح، پاکستان نے ورلڈکپ میں نئی تاریخ رقم کر دی

سیاسیات- آئی سی سی ورلڈ کپ میں پاکستان نے 345 رنز کا ریکارڈ ہدف حاصل کرکے مسلسل دوسرا میچ جیت لیا۔

سری لنکا کا 345 رنز کا ہدف پاکستان نے محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 48.2 اوورز میں پورا کرلیا۔ محمد رضوان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کیخلاف پاکستان کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کُن انداز میں ہوا تھا تاہم دو وکٹیں جلدی گرنے کے بعد عبداللہ شفیق اور محمد رضوان نے ٹیم کو سہارا دیا۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 16 اور دوسری 37 رنز پر گری۔ اوپنر امام الحق 12 اور کپتان بابراعظم 10 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

بعد ازاں عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کے مابین تیسری وکٹ پر 178 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عبداللہ شفیق 115 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ یہ انکی ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی سنچری تھی۔

45 ویں اوور میں 308 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل 31 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد افتخار احمد بیٹنگ کیلئے آئے۔ وہ 10 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 22 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں حیدرآباد کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈ کپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے تھے۔

ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان کے خلاف یہ کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ اس سے قبل پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں سب سے بڑا اسکور 336 رنز تھا جو بھارت نے 2019 میں بنایا تھا۔

پاکستان کیخلاف سری لنکا کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں ہی 5 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی تھی، اوپنر کوشل پریرا صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

دوسری وکٹ پر پاتھم نسانکا اور کوشل پریرا نے 102 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم نسانکا 51 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کوشل مینڈس 14 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 122 کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں دھننجایا ڈی سلوا 25 جبکہ چارتھ اسالنکا ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔ داسن شناکا 12، دینوتھ ویلالگے 10 اور مہیش تھیکشنا صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ متھیشا پتھیرانا ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی 4 وٹیں لیکر کامیاب بولر ثابت ہوئے، حارث رؤف نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین پہنچایا۔ شاہین آفریدی، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں سری لنکن کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنے پر پریشر بڑھانے کی کوشش کریں گے، ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ میچ میں کامیابی کے ساتھ جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی ہے، سری لنکا کسن راجیتھا کی جگہ مہیش تھیکشنا جبکہ پاکستان نے فخر زمان کی جگہ عبداللہ شفیق کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا ہے۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے عالمی مقابلوں میں 7 بار آمنے سامنے آئی ہیں جہاں پاکستان پلڑا بھاری ہے، گرین شرٹس نے 0-7 سے آئی لینڈرز پر برتری قائم کررکھی ہے۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف

سری لنکا کا اسکواڈ

کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، سدیرا سمارا وکرما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، مہیش تھیکشنا، دلشان مدوشنکا، متھیشا پتھیرانا اور دینوتھ ویلالگے

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

four × one =