سیاسیات-انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے بھارت میں کھیلے جانے والے ورلڈکپ وارم اپ میچز کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی ) کی درخواست منظور کرلی۔
گزشتہ روز بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ 2023 کیلئے باضابطہ شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، شیڈول کے مطابق سال کے آخر میں منعقدکیےجانے والا کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ 46 دنوں پر مشتمل ہوگا جس کیلئے بھارت کے 10 مقامات کو منتخب کیا گیا ہے۔
پاک بھارت ٹاکرا کب ہوگا؟
ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا جب کہ فائنل 19 نومبرکو کھیلا جائےگا، پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگا، پاکستان پہلا میچ 6 اکتوبرکو کوالیفائر ون کے خلاف حیدر آباد میں کھیلےگا، 15 اکتوبر کو پاکستان بھارت کا مقابلہ احمد آباد میں ہوگا۔
بڑے ٹورنامنٹ سے قبل وارم اپ میچز 29 ستمبر سے شروع ہوکر 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے، وارم میچز بھارت کے شہر حیدرآباد ، تھیرووننتھاپورم اور گوہاٹی میں کھیلےجائیں گے۔
پی سی بی کی وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست
پی سی بی نےکچھ روز قبل ورلڈکپ وارم اپ میچز میں افغانستان کے خلاف رکھا گیا مجوزہ وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی ، ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان نےکہا کہ وارم اپ کیلئے افغانستان کے بجائے کسی غیر ایشیائی حریف سے میچ رکھ دیا جائے تاکہ پاکستان کیلئے مفید ثابت ہوسکے۔
پی سی بی نے اس سلسلے میں یہ جواز پیش کیا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان سے مقابلہ کرچکی ہوگی اس لیے دوبارہ وارم اپ میچ میں بھی کھیلنا زیادہ مفید نہیں ہوگا لہٰذا غیر ایشیائی ٹیم سے میچ کرادیا جائے۔
پاکستان ٹیم وارم اپ میچز کن ٹیموں کے خلاف کھیلے گی؟
پی سی بی کی درخواست کو آئی سی سی کی جانب سے منظور کرلیا گیا ہے، جس کے بعد اب پاکستان ٹیم 29 ستمبر اور 3 اکتوبر کو اپنے وارم اپ میچز نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گی۔
پاکستان ٹیم اپنے دونوں وارم اپ میچز بھارت کے شہر حیدر آباد میں کھیلے گی۔