سیاسیات-خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع میں 65 ولیج اور نیبرہڈ کونسلوں کی متعدد خالی نشستوں پر ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں تمام 72 نشستوں کے غیر حتمی نتائج سامنے آ گئے۔
اتوار کو کے پی کے ضلع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت ، ڈی آئی خان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹ گرام، تورغر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، دیر اپر، دیر لوئر اور باجوڑ اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی۔
ضمنی انتخابات کیلئے 256 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔
غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق خیبر پختونخوا میں72 نشستوں پر ہونے والے بلدیاتی ضمنی انتخابات میں آزاد امیدواروں کی بڑی تعداد نے کامیابی حاصل کرلی،آزاد امیدوار 40 نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔
اس کے علاوہ پاکستان تحریک انصاف نے 14 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ جے یو آئی 6 نشستیں جیت گئی۔
جماعت اسلامی 5 اور عوامی نیشنل پارٹی 4 نشستوں پر کامیاب ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی کو 2 اور ٹی ایل پی کو 1 نشست پر کامیابی ملی۔