جون 9, 2024

کراچی میں پی پی 46 یوسیز کے ساتھ آگے، جماعت اسلامی دوسرے پی ٹی آئی تیسرے نمبر پر

سیاسیات- کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع سے بلدیاتی الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے جس میں کراچی کی 246 یوسیز میں سے 89 یوسیز کے نتائج سامنے آگئے جن میں پیپلزپارٹی 46 یوسیز کے ساتھ پہلے، جماعت اسلامی 22 نشستوں کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی آئی 14 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

کراچی میں اب تک مسلم لیگ (ن) نے تین، جے یو آئی (ف) نے 2 جب کہ ٹی ایل پی اور آزاد امیدوار نے ایک ایک نشست حاصل کی ہے۔

کراچی کے ضلع جنوبی کے چیئرمین کا نتیجہ مکمل ہوگیا جس میں 26 میں سے 15 یونین کمیٹیز پر پیپلز پارٹی اور 9 پر تحریک انصاف کامیاب ہوئی ہے، ضلع جنوبی میں ایک نشست پر تحریک لبیک کا پینل منتخب ہوا اور ایک نشست پر انتخاب ملتوی ہوگیا۔

لیاری کی 13 میں سے 11 نشستیں پی پی کے نام، پی ٹی آئی ایک پر کامیاب

لیاری ٹاؤن کی 13 میں سے 12 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 11 نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لی ہیں اور  پی ٹی آئی ایک نشست پر کام یاب ہو سکی ہے۔

صدر ٹاؤن کی تمام 13 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں پی ٹی آئی اب تک 8 نشستیں حاصل کر چکی ہے جب کہ پیپلز پارٹی نے صدر ٹاؤن کی 4 نشستیں حاصل کی ہیں، صدر ٹاؤن کی ایک نشست تحریک لبیک نے حاصل کی ہے۔

ملیر ٹاؤن کی 10 میں سے 5 نشستوں کے نتائج آ چکے ہیں، ان میں سے چار پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے، گلبرگ ٹاؤن کی 8 نشستوں میں سے 3 کے نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ تینوں نشستیں جماعت اسلامی نے جیت لی ہیں۔

لیاقت آباد ٹاؤن کی ایک نشست کےنتائج سامنے آئے ہیں جو جماعت اسلامی نےجیتی ہے جب کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ماڑی پور کی 3 نشستوں میں سے 2  پیپلز پارٹی نے اور ایک پی ٹی آئی نے جیتی ہے۔

ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کیماڑی کی 2 نشستوں کے نتائج سامنے آئے ہیں، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) نے ایک ایک نشست جیتی ہے جب کہ ابراہیم حیدری ٹی ایم سی سے ایک نشست پیپلز پارٹی نے جیتی ہے۔

پی ٹی آئی کو کراچی میں دھچکا، ضلعی صدر ہی یوسی کا الیکشن ہار گئے

کراچی کے الیکشن کا اب تک کا سب سے بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور کراچی سے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان یوسی کا الیکشن ہار گئے ہیں۔

خرم شیر زمان کو صدر ٹاؤن یوسی 11 سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، نجمی عالم نے اس نشست پر دو ہزار 696 ووٹ حاصل کیے۔

خرم شیر زمان اس علاقے سے دس سال سے ایم پی اے ہیں اور انہیں پی ٹی آئی کی جانب سے میئر کا امیدوار بھی قرار دیا جا رہا تھا، رکن صوبائی اسمبلی ہونے کے باوجود وہ یوسی چیئرمین کی نشست پر لڑ رہے تھے۔

دوسری جانب پولنگ ختم ہونے کے گھنٹوں بعد بھی نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور نتائج کی رفتار سست ہے، ضلع وسطی، کورنگی اور شرقی کے نتائج میں تاخیر ہے۔

حیدر آباد میں پی پی کو سبقت

حیدرآباد ڈویژن کے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتائج کا سلسلہ جاری ہے جہاں حیدرآباد ڈویژن کے کل 9اضلاع میں 3101 نشستوں میں سے پیپلزپارٹی مجموعی طور پر 870 نشستیں جیت چکی ہے۔

آزاد امیدوار 70 نشستیں لینے میں کامیاب ہوئے ہیں جب کہ  تحریک انصاف100، جماعت اسلامی 69 اور  جی ڈی اے11نشستوں پر کامیاب قرار پائی ہے۔

اندرون سندھ میں بھی پی پی کو برتری

پیپلز پارٹی نے دادو، مٹیاری، جام شورو، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، بدین، ٹھٹھہ اور سجاول کی ضلع کونسلوں میں برتری حاصل کر لی جب کہ  ٹنڈو الہ یار میونسپل کمیٹی میں بھی میدان مار لیا۔

میونسپل کمیٹی دادو، بول ہاری، مٹیاری، جوہی، کوٹری اور سیہون شریف میں بھی پیپلز پارٹی سب سے آگے ہے۔

میونسپل کمیٹی میہڑ میں لیاقت جتوئی کے حمایت یافتہ پی ٹی آئی کے امیدواروں نے برتری حاصل کر لی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

nineteen + 5 =