سیاسیات- پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اہم ترین اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا منصب تاحیات بانی چیئرمین کے پاس رہے گا۔ اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جیل سے بھجوائی ہدایات پر یومِ آزادی منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تحریک انصاف ملک اور دنیا بھر میں یومِ آزادی کی خصوصی تقریبات منعقد کرے گی۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ دیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ انتخابات کو التوا کا شکار کرنے کی ہر کوشش کی بھرپور قانونی و سیاسی مزاحمت پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی تحلیل کے بعد انتخابات ہر صورت 90 روزہ آئینی مدت میں منعقد کرنا ہوں گے۔ کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترامیم کو بھی سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ شخصی آزادیوں کا ہر حال میں تحفظ کریں گے۔ کور کمیٹی نے تحریک انصاف کو بلے کے انتخابی نشان سے محروم کرنے کی ہر کوشش کے خلاف مزاحمت کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ کور کمیٹی اجلاس کو توشہ خانہ فیصلے کے خلاف اپیل چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلاء و دیگر کی ملاقاتوں پر بریفنگ دی گئی۔