جولائی 27, 2024

پنجاب کابینہ نے ضلع میانوالی کو ڈویژن کا درجہ دینے کی منظوری دے دی

سیاسیات-پنجاب کابینہ نے میانوالی کو ڈویژن کا درجہ دینے کی مشروط منظوری دے دی جو میانوالی اور بھکر اضلاع پر مشتمل گا۔

ذرائع کے مطابق دونوں اضلاع میں یونین کونسلز کی حد بندی مکمل ہونے کے بعد نئے ڈویژن کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

جیسے ہی میڈیا پر پنجاب کابینہ کی جانب سے اس فیصلے کی اطلاع دی گئی الیکشن کمیشن پاکستان نے چیف سیکرٹری پنجاب کو نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔

ہفتہ کے روز پنجاب اسمبلی اور صوبائی کابینہ کی تحلیل سے چند گھنٹے قبل کابینہ کا نواں اجلاس وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں جام پور تحصیل کو ضلع کا درجہ دینے کی بھی منظوری دی گئی جو اس وقت ضلع راجن پور کا حصہ ہے اور دجل اور محمد پور کو اس کی نئی تحصیلیں بنایا گیا ہے۔

اجلاس میں ملتان خرد کو تلہ گنگ کی تحصیل بنانے کی بھی مشروط منظوری دی گئی، یونین کونسلوں کی حد بندی کا کام مکمل ہونے کے بعد جام پور کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کابینہ کو بتایا کہ پنجاب حکومت نے 5 ماہ کے قلیل عرصے میں 273 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ استعمال کرنے کا ریکارڈ قائم کیا، انہوں نے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ جاری ترقیاتی پروگرامز کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی سربراہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہمارے قائد اور ایماندار لیڈر ہیں۔

کابینہ نے میانوالی سے داؤد خیل تک 36 کلومیٹر طویل سڑک اور لکی تھمے والی 33 کلومیٹر لمبی سڑک کو اسلام آباد ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے سے منسلک کرنے کی منظوری دی۔

ٹیوٹا کورسز مکمل کرنے والے اور چھوٹے جرائم میں ملوث قیدیوں کی سزا معاف کرنے، 2500 جیل وارڈرز کی بھرتی، پنجاب تھیلیسیمیا اینڈ جینیٹک ڈس آرڈر کے عملے کے کنٹریکٹ میں توسیع اور پریوینشن اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ جی او آر میں سرکاری رہائش گاہوں اور لاہور ہائی کورٹ کی عمارت میں سولر پینل لگانے کے لیے فنڈز جاری کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے لاہور ہائی کورٹ میں لفٹ کی تنصیب، فیصل آباد میں نئے کورٹ رومز کے قیام، محکمہ پروسیکیوشن اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز کے افسران اور عملے کے لیے 100 فیصد خصوصی الاؤنس، محکمہ خوراک میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز، فوڈ انسپکٹرز، فوڈ سپروائزرز کی بھرتیوں، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، شیخوپورہ، تلہ گنگ اور دیگر بار ایسوایشنز کے لیے گرانٹ اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے ایم ڈی کو ہائر کرنے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں پیر مہر علی شاہ ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے تقرر کے لیے قواعد و ضوابط وضع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

four + 13 =