سیاسیات- مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر بات چیت چل رہی ہے اور کئی معاملات پر اتفاق رائے بھی ہو چکا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا پنجاب اسمبلی کی تحلیل صوبائی مسئلہ ہے، اس معاملے پر بات چیت چل رہی ہے، کئی معاملات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔
لیگی سینیٹر کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل کر قواعد و ضوابط طے کرنے چاہئیں، مفاہمت ہو جائے تو آزادانہ الیکشن کا مرحلہ اچھے انداز میں طے کیا جا سکتا ہے۔
مشاہد حسین سید کا کہنا تھا پاکستان ایک نعمت ہے، ہمیں اسے مزید مضبوط کرنا چاہیے، سیاسی قائدین میں اتنی صلاحیت ہے کہ قومی معاملات پر ایک ہو سکتے ہیں، آپ نے دیکھا کہ آرمی چیف کے معاملے پر سب ایک پیج پر تھے، فوج کا سیاست سے تعلق نہ ہونا خوش آئند ہے۔