دسمبر 8, 2024

پاکستان بھر میں عاشورا کے جلوس اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں

سیاسیات- پاکستان بھر میں عاشورا کے جلوس اپنے اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں عزادار نوحہ و ماتم کے ذریعے شہدائے کربلا کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں، جلوس کے راستوں پر پانی کی سبیلوں اور نذر و نیاز کا اہتمام کیا گیا ہے۔

کراچی میں 10 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر میں اختتام پذیر ہوگا۔

نشتر پارک میں یومِ عاشور کی مجلس ہوئی جس سے علامہ سید شہنشاہ نقوی نے خطاب کیا جس کے بعد مرکزی جلوس برآمد ہوا۔

لاہور، نثار حویلی سے جلوس برآمد

لاہور کی نثار حویلی سے برآمد ہونے والے جلوس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں۔ اس موقع پر حضرت امام حسین علیہ السلام کے بیٹے حضرت علی اکبر ع کی آخری اذان کا تذکرہ اور نبیؐ کے گھرانے پر مظالم کے غم میں سینہ زنی کا ماتم ہوا۔

دوسری جانب آج راولپنڈی میں مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین سے نکلے گا جبکہ مجموعی طور پر 425 جلوس نکلیں گے۔

پشاور، یوم عاشور پر 12 جلوس برآمد ہوں گے

پشاور میں یومِ عاشور پر مختلف امام بارگاہوں سے 12 جلوس برآمد ہوں گے، پہلا جلوس صبح 11 بجے امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی کوچہ جان پیپل منڈی سے برآمد ہو گا۔

شہر میں جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے 13 ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ جلوس کی گزرگاہوں کو کلیئر کرنے کے لیے بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار بھی موجود ہوں گے۔

پشاور میں جلوسوں کی طرف جانے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کا جلوس برآمد

کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کا جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہو گیا جو نماز مغرب پر دوبارہ علمدار روڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔

جلوس کے لیے شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں جس کے لیے پولیس اور ایف سی کے 8 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

جلوس کی کیمروں سے اور فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے، شہر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل فون سروس بند ہے۔

لودھراں میں 10 محرم کو 36 جلوس برآمد ہوں گے، 7 جلوسوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہر میں 30 مجالس ہوں گی جبکہ 3 مجالس کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

بہاولپور: مرکزی جلوس برآمد

بہاولپور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ شیعہ جامع محلہ چاہ فتح خان سے برآمد ہوا ہے۔

بہاولپور میں یومِ عاشور کے موقع پر 112 جلوس برآمد ہوں گے اور 32 مجالس عزا ہوں گی۔

جھنگ میں تعزیے کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ دربار گوہر شاہ سے برآمد ہو گیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 78 جلوس اور 13 مجالس ہوں گی، علم و ذوالجناح کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ سے برآمد ہو گیا۔

بنوں، عاشورہ کا مرکزی جلوس برآمد ہو گیا

بنوں میں عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارہ حسینیہ سے برآمد ہو گیا۔

جلوس مقررہ راستوں سے واپس دوپہر کو امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہو گا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

fifteen + 9 =