سیاسیات- اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ کا نام ظاہر نہ کرنے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف نا اہلی کیس کی سماعت کے لیے نیا لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
عمران خان کے خلاف مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پرنا اہلی کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی سربراہی میں 3 رکنی نیا لارجر بینچ تشکیل دیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر،جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی لارجربینچ میں شامل ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا لارجربینچ کیس کی سماعت 21 مئی کو کرے گا۔
چیف جسٹس عامرفاروق نے خود کو ٹیریان جیڈ وائٹ کیس سے الگ کرلیا۔
اس سے قبل چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی لارجربینچ سماعت کر رہا تھا۔ جسٹس محسن اخترکیانی اورجسٹس ارباب محمد طاہربھی اُس لارجربینچ کا حصہ تھے۔
واضح رہے کہ دو ججز نے اپنے فیصلے میں ٹیریان کیس ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔
جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس ارباب طاہر نے اپنی رائے ویب پر اپ لوڈ کر دی تھی۔تاہم دو ججزکی رائے کو ہائیکورٹ کی ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا تھا۔
دونوں ججز نے چیف جسٹس سے مشاورت کے بغیر اپنی رائے کو فیصلہ قرار دے کر اپ لوڈ کرایا تھا، چیف جسٹس کے دستخط سے فیصلہ جاری نا ہونے کے باعث معاملے کی انکوائری کا آرڈر کیا گیا تھا۔