جولائی 27, 2024

وزیر اعلی پنجاب نے بلوچستان کو 21 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کا اعلان کر دیا

سیاسیات-وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے بلوچستان کو 21 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کا اعلان کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے گندم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گندم کے ذخائر اورآٹے کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس میں مشاہدہ کیا کہ بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کو گندم فراہم کرنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی تھی لیکن حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ بلوچستان نے پنجاب حکومت سے 10 ہزار ٹن گندم فراہم کرنے کی درخواست کی تھی لیکن ہم نے 21 ہزار میٹرک ٹن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ان کی ضرورت سے زیادہ ہے’۔

انہوں نے کہا کہ خوراک کی ضرورت پوری کرنے کے لیے پنجاب حکومت دیگر تمام صوبوں کی ہر ممکن مدد کرے گی انہوں نے کہا کہ گندم مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فصلوں/گندم کی اسمگلنگ کو ختم کرنے کے لیے تمام خارجی راستوں پر اضافی پولیس فورس تعینات کی جائے گی، انہوں نے پولیس چیف اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو خارجی راستوں پر سخت نگرانی کے لیے منصوبے پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں چکی مالکان کو حکومتی سطح پر گندم فراہم کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا جبکہ سیکریٹری خوراک نے گندم کے ذخائر اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گندم کی اسمگلنگ کرنے پر ایک ہزار 541 مقدمات اور 3 کروڑ 9 لاکھ جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1 × 5 =