سیاسیات-پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکشن 2024 کے لیے اپنا انتخابی منشور پیش کردیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی صدارت میں پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تقریب جاری ہے جس میں منشور پیش کیا گیا۔
منشور کے چیدہ چیدہ نکات میں زراعت کی جدت کے ذریعے کسان کی خوشحالی شامل ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے ملک کو محفوظ بنایا جائے گا۔
آئینی، قانونی، عدالتی و انتظامی اصلاحات کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ آئینی اصلاحات کے ضمن میں یہ بھی شامل ہے کہ آرٹیکل 62/63 کو اپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا جبکہ نیب کا خاتمہ کیا جائے گا۔
پی ایم ایل ن نے منشور 2024-2029 میں بجلی کے بلز میں 20 سے 30 فیصد کمی لانے جبکہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ بھی کیا۔
مسلم لیگ ن کے منشور کے اہم نکات
تمام سرکاری دفاتر کو ماحول دوست بنائیں گے
پارلیمنٹ کی بالادستی کویقینی بنایا جائے گا
آرٹیکل 62 اور 63 کواپنی اصل حالت میں بحال کیا جائے گا
عدالتی، قانونی، پنچایت سسٹم اور تنازعات کے تصفیے کا متبادل نظام ہوگا
عدالتی، قانونی اور انصاف کے نظام میں اصلاحات کی جائیں گی
بر وقت اور مؤثر عدالتی نظام کا نفاذ کیا جائےگا
مؤثر، منصفانہ اور بروقت پراسیکیوشن ہوگی
یقینی بنایا جائے گا کہ بڑے اور مشکل مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر ہوگا
چھوٹے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ میں سنایا جائے گا
نیب کا خاتمہ کیا جائے گا
انسداد بدعنوانی کے اداروں اور ایجنسیوں کو مضبوط کیا جائےگا
ضابطہ فوجداری 1898 اور 1906 میں ترامیم کی جائے گی
عدالتی کارروائی براہ راست نشرکی جائے گی
کمرشل عدالتیں قائم کی جائیں گی
سمندر پار پاکستانیوں کی عدالتیں بہتر اور مضبوط بنائی جائیں گی
عدلیہ میں ڈیجیٹل نظام قائم کیا جائے گا
مالی سال 2025 تک مہنگائی میں 10 فیصد کمی کی جائے گی
چار سال میں مہنگائی 4 سے 6 فیصد تک لائی جائے گی
پانچ سال میں ایک کروڑ سے زائد نوکریاں دی جائیں گی
کرنٹ اکاؤنٹ خساره جی ڈی پی کا 1.5 فیصد تک کیا جائے گا
تین سال میں اقتصادی شرح نمو 6 فیصد سے زائد پر لائی جائے گی۔