دسمبر 9, 2024

محفوظ اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ہی مشرق وسطی میں جاری بحران کا حل ہے۔ وزیر خارجہ

سیاسیات- پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بڑھتے اسلاموفوبیا کو روکنے کے لیے او آئی سی کو مشترکہ طور پر کوشش کرنا ہو گی۔

پاکستان سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 15ویں سربراہی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے گیمبیا میں موجود ہیں جہاں سمٹ کی تیاری کے سلسلہ میں ہونے والے وزرا خارجہ کے اجلاس سے جمعے کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اسلاموفوبیا اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے بات کی۔

اپنی تقریر میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ’ایک محفوظ، قابل عمل اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام میں ہی مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کا حل ہے جو جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی اور جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل تنازع کے خاتمے کے لیے اپنی قرارداد 2728 پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائے۔

اسحاق ڈار نے مسئلہ فلسطین کے حل کے حصول کو محفوظ بنانے کے لیے ایک جامع، شفاف اور ناقابل واپسی امن عمل کا جلد از جلد دوبارہ آغاز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر او آئی سی کی وزارتی کمیٹی کو دوبارہ فعال ہونا چاہیے۔

انہوں نے اسرائیل کی طرف سے طاقت کے اندھا دھند استعمال اور غزہ کے غیر انسانی محاصرے کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا۔

وزیر خارجہ نے انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں مبینہ ماورائے عدالت قتل اور میڈیا بلیک آؤٹ سمیت جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے او آئی سی کے مشترکہ اقدام کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ’اسلامو فوبیا کا اظہار دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، تشدد اور اشتعال انگیزی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے ہوتا ہے۔‘

ان کے بقول: ’اگرچہ عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے اپنے لیے ایک واضح تفہیم اور پابندی کا تعین کیا ہے جس میں اینٹی سمیٹیزم (یہود مخالف) اور ہولوکاسٹ سے انکار سے متعلق مواد پر پابندی ہے لیکن اسلاموفوبیا پر ایسی کوئی روک ٹوک نہیں۔‘

اسحاق ڈار نے کہا کہ گستاخانہ اور اسلام مخالف مواد کے معاملے میں ایسا نہیں ہے جو وسیع پیمانے پر پریشانی کا باعث ہے۔

انہوں نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ عالمی انفارمیشن نیٹ ورکس؍ پلیٹ فارمز بالخصوص گلوبل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اثرانداز ہونے کے لیے ایک مشترکہ حکمت عملی مرتب کرے۔

انہوں نے گستاخانہ، اسلام مخالف اور اسلامو فوبک مواد کے لیے مواد کے ضابطے کی پالیسیوں کے اطلاق کو ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔

وزرا خارجہ اجلاس کے دوران او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے سینئر آفیشلز میٹنگ (ایس او ایم) کی رپورٹ کی بھی منظوری دی جبکہ مختلف دستاویزات کو حتمی شکل دی گئی جن میں مسئلہ فلسطین، او آئی سی سربراہی کانفرنس کا حتمی اعلامیہ اور بنجول اعلامیہ شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

10 + 13 =