جولائی 27, 2024

لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تقرری کی منظوری

سیاسیات-پاکستان کی نگران وفاقی کابینہ نے پیر کو لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تقرری کی منظوری دے دی ہے۔ جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

چیئرمین نادرا کی تقرری کی منظوری پیر کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چیئرمین نادرا کے لیے وزارت داخلہ کی سمری پر تین مجوزہ ناموں میں سے لفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تقرری کی منظوری دی گئی۔‘

بیان کے مطابق ’کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے نادرا کے چیئرمین کے لیے  تین بہترین امید واروں کے نام شارٹ لسٹ کیے تھے۔‘

وزیر اعظم آفس کے مطابق ’کابینہ نے تفصیلی غور خوض کے بعد نادرا کے نئے چئیرمین کے لیے لیفٹننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تقرری کی منظوری دی۔‘

نگران وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

سابق چئیرمین نادرا طارق ملک کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد اس وقت اسد رحمان عبوری چیئرمین نادرا کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

اگست 2023 میں چیئرمین نادرا کی تعیناتی کے قانون میں ترامیم کی گئی تھیں جس میں حاضر سروس آرمی افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی کی مظوری دی گئی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کون ہیں؟

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق محمد منیر افسر کو اکتوبر 2022 میں میجر جنرل سے لفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے قبل وہ کئی عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ایک اعلامیے کے مطابق یکم دسمبر 2021 کو انہیں انسپیکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا ساؤتھ کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

میجر جنرل کی حیثیت سے وہ ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹرز اینڈ انٹیلی جنس (C41) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے ہیں۔

ریسرچ گیٹ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر سیٹلائٹ امیجری کے حوالے سے کئی تحقیقی مقالے لکھ چکے ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

five × 2 =