سیاسیات-سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور صحافی ریحام خان نے مرزا بلال بیگ سے تیسری شادی کرلی۔
ریحام خان کے نکاح کی تقریب امریکا میں ہوئی جبکہ ریحام خان کی جانب سےسوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو تیسری شادی کی اطلاع دی گئی۔
بعد ازاں ریحام خان نے شوہر اور شادی سے لی گئی تصاویر بھی شیئر کی جن میں ریحام خان کو سفید میکسی جبکہ ان کے شوہر کو ڈارک مہرون تھری پیس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
ریحام خان کی جانب سے شیئر ایک تصویر میں انھیں اور مرزا بلال بیگ کو نکاح کے بعد دعا کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ ریحام نے 1990 میں پہلی شادی اعجاز رحمان سے کی تھی اور ان کی طلاق 2005 میں ہوئی اس شادی سے ان کے تین بچے بھی ہیں جو برطانیہ میں مقیم ہیں۔
اس کے بعد سابق وزیر اعظم عمران خان اور ریحام خان کی شادی کی تصدیق جنوری 2015 میں ہوئی تھی لیکن دونوں کی شادی سے متعلق خبریں اکتوبر 2014 سے سامنے آرہی تھیں تاہم ریحام اور عمران کی شادی چند ماہ ہی رہی اور پھر دونوں کے درمیان 2015 اکتوبر میں علیحدگی ہوگئی۔