سیاسیات-پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ کرتے ہوئے انہیں اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
پولیس ٹیم نے سخت سکیورٹی میں عمران خان کو لے کر اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔ اڈیالہ جیل منتقل کرنے والے قافلے میں پولیس کی 15 گاڑیاں، 2 بکتربند اور ایک ایمبولینس شامل تھی۔
ذرائع نے بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جہاں انہیں ہائی سکیورٹی بیرک میں رکھا جائے گا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو بی کلاس بیرک فراہم کی جائے گی اور انہیں اسی بیرک میں رکھا جائے گا جس میں نواز شریف کو رکھا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے مخصوص کمرے کی صفائی کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور انہیں عدالتی احکامات کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
جیل ذرائع نے بتایاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کوجیل میں کمرہ واٹیچ باتھ دیا جائے گا تاہم ان کے کھانے کے حوالے سے فیصلہ نہیں کیا گیا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے ایک ملازم 24 گھنٹے تعینات کیا جائے گا۔