سیاسیات- قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا میں ہدایت و رہنمائی اور جاذبیت ہے، واقعہ کربلا ہر دور کے ہر انسان کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، نواسہ رسول ۖحضرت امام حسینؑ نے ناجائز حکمرانی کو ماننے سے انکار کر دیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ یزید کے دور میں احکام اسلام کو کھلونا بنا دیا گیا تھا، یزید نے اطاعت خداوندی کو ترک کر کے شیطان کی پیروی کو اپنا نصب العین بنا لیا تھا، یزید کے دور میں بدعتیں زندہ کر دی گئیں، اور قومی خزانے کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا جانے لگا۔ انہوں نے کہا کہ یزید نے شریعت محمدی ۖ کا حقیقی چہرہ بگاڑنے کی کوشش کی، کربلا ایک کیفیت، جذبے، تحریک اور غیر متزلزل عزم کا استعارہ بن چکی ہے، ملک بھر میں عزادار مظلوم کربلا کی یاد منانے کیساتھ فلسطین و غزہ پر ظلم روا رکھنے والی طاغوتی قوتوں کیخلاف بھر پور آواز احتجاج بلند کریں۔