سیاسیات- ایف آئی اے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے زیارات کی آڑ میں انسانی سمگلنگ کرنیوالے بین الاقوامی گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے انسداد انسانی سمگلنگ سیل گوجرانوالہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سمگلرز کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم نے متاثرین پر تشدد کرکے کروڑوں روپے وصول کیے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلرز کی گرفتاری کیلئے کریک ڈائون جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی ہیومن سیل نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کے گھنائونے جرم میں مطلوب ملزم رضوان شاہ کو گرفتار کیا، جو متاثرین پر تشدد کرنے میں ملوث تھا۔
ملزم متاثرین کو عراق میں غیر قانونی حراست میں رکھنے میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے۔ ملزم متاثرین کو اغوا کرکے مزید رقم کا تقاضا کرتا تھا۔ متاثرین پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد حکام نے متاثرین کے لواحقین کے حوالے سے معلومات حاصل کر لی ہیں۔ ملزم رضوان شاہ کی گرفتاری کیلئے گذشتہ 7 دن سے چھاپہ مار کارروائیاں جاری تھیں۔ نوشہرہ ورکاں سے ہونیوالی گرفتاری جدید و تکنیکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عمل میں لائی گئی۔ ملزم ایک گروہ کے طور پر کام کر رہا تھا۔ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزم کیخلاف امیگریشن آرڈیننس اور سمگلنگ آف مایگرینٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔