سیاسیات-خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع میں 10 محرم الحرام کو موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق پشاور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ شہر، ہنگو، کرم، اورکزئی، بنوں شہر، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں موبائل سگنلز معطل رہیں گے۔ ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق یوم عاشور کو پشاور میں صدر، اندرون شہر، پشتخرہ، نوتھیہ، حسن گھڑی، تہکال، پچگی روڈ اور وڈپگہ میں رات 9 بجے تک موبائل سروس معطل رہے گی۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مردان شہر میں یوم عاشورہ کو صبح 8 سے رات 10 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی جبکہ نوشہرہ کینٹ میں نویں اور دسویں محرم الحرام کو موبائل سگنلز معطل رہیں گے۔ ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق موبائل فون پر انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہے گی البتہ لینڈ لائن وائی فائی پر انٹرنیٹ سروس بحال ہوگی۔