سیاسیات-چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جڑانوالا میں اقلیتی املاک پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ وہ اس واقعے کے بارے میں سنا تو لرز کر رہ گئے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بلاول نےکہا کہ عبادت گاہوں کے تقدس کی پامالی کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اقلیتوں اور ان کی عبادت گاہوں کا تحفظ یقینی بنائے۔
رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے بھی جڑانوالا واقعےکی شدید مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ متعدد گرجا گھروں کی توڑ پھوڑ اور نذر آتش کے واقعات خوفناک اور قابل مذمت ہیں، جڑانوالا میں پیدا ہونے والی امن و امان کی صورت حال پر شدید تشویش ہے۔
سینیٹر شیری رحمان نےکہا کہ پاکستان کے غیر مسلم شہری یکساں انصاف، تحفظ اور حقوق کے حقدار ہیں، کسی کو اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی کرنےکا استثنیٰ حاصل نہیں ہے، یہ افسوسناک واقعات دنیا میں پورے ملک کے لیے شرمندگی کا باعث بنیں گے۔